راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عوام کا نام ریاست ہے عوام پر سکون اور خوشحال ہوں گے تو ریاست پر سکون ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جشن آزادی 50 سال سے منا رہا ہوں، ہمیشہ 13 اگست کی رات 10 سے 11 بجے خطاب کرتا ہوں، رات گئے پولیس لال حویلی پر چھاپہ مار کر لاؤڈ سپیکر اور آتش بازی کا سامان لے گئی ہے، پولیس کا اتنا بڑا آپریشن میں نے اپنی سیاسی زندگی میں نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا جرم کیا ہے کہ ہم شہیدوں ،غازیوں مجاہدوں اور پاکستان بنانے والوں کا یوم آزادی کا دن منا رہے ہیں،اگر کسی کو یوم آزادی منانے پر اختلاف ہے تو وہ مجھ سے بات کرے، یہ کوئی احتجاج جلسہ نہیں ہے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا اہم ویڈیو پیغام جاری pic.twitter.com/i0yngkl0a5
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) August 13, 2023
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے لوگ تیار رہیں ہم لال حویلی کے بجائے جلسہ راجہ بازار، کمیٹی چوک یا چاندنی چوک پر کریں گے، پوری کوشش کریں گے کہ اپنے شہداء، غازیوں مجاہدوں اور پاکستان بنانے والوں اور قائد اعظم کے جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات پولیس نے لال حویلی پر میرے بھائی، بہنوں اور بھتیجوں کے گھروں پر گرینڈ آپریشن کیا، گھر سے قیمتی سامان موبائل، لیپ ٹاپ، کیمرے، ڈرائیورز اور ملازموں کو ساتھ لے گئے، لال حویلی کے سارے ڈیوائیڈر بھی ہٹا دیئے، مجھے پر پہلے بھی تین خود کش حملے ہو چکے ہیں اگر اب کوئی دہشتگردی کا واقعہ ہوا تو اس کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہوں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ باتوں سے خارجی، داخلی، لسانی، اقتصادی، سماجی اور سیاسی استحکام نہیں آتا، عوام مہنگائی سے مر گئے ہیں، قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرنے والوں میں ہم بھی شامل ہیں، ہم اصلی اور نسلی ہیں، پاکستان اور اسلام کے ساتھ کھڑے ہیں، دوستی اور دشمنی قبر کی دیوار تک نبھائیں گے۔