اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی بلٹ پروف گاڑیوں کی سپرداری کی درخواست مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 8 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار تھانہ کوہسار میں درج ایف آئی آر میں ملزم نامزد ہے، تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، گرفتاری نہیں ہو سکی۔
عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ چھاپے کے دوران دو گاڑیاں اور اسلحہ بطور مال مقدمہ برآمد کیا، دونوں گاڑیوں کو ریکوری میمو کے ذریعے مال مقدمہ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ایف آئی آر کا معلوم ہونے کے باوجود درخواست گزار نے کسی عدالت میں سرنڈر نہیں کیا، ٹرائل کے التوا میں ہونے کی صورت میں ہی مال مقدمے کی سپرداری ممکن ہے۔
تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کی واپسی سے متعلق مجسٹریٹ کے حکمنامے پر کوئی رائے نہیں دے رہے، دلائل سننے کے بعد عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ ایسا حکم جاری نہیں کیا جا سکتا تھا، گاڑیوں کی سپرداری سے متعلق شیخ رشید کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔