راولپنڈی: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یہ سولہ مہینے کی اسمبلی پاکستان کی سیاسی زندگی کی بدترین غریب دشمن، جمہوریت دشمن اور عوام دشمن اسمبلی کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ اللہ کر کے 16 ماہ کی غریب دشمن حکومت کے سیاہ دور سے قوم کو نجات نصیب ہوئی، آج سندھ ہاؤس میں ممبروں کی خریدوفروخت سے بننے والی سازشی اسمبلی تحلیل ہوگئی۔
سابق وفاقی وزیر نے شہباز شریف کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس دن فرد جرم لگنی تھی اُسی دن وزیراعظم بن گئے، جنہوں نے صرف اپنے کیسز ختم کرائے، تقریروں، تصویروں اور تعریفوں کےعلاوہ کوئی کام نہیں کیا، میڈیا کو پابند سلاسل کیا، ابھی تک نگران وزیراعظم کا نام نہیں دے سکے۔
اللہ اللہ کرکے سولہ ماہ کی غریب دشمن حکومت کے سیاہ دور سے قوم کو نجات نصیب ہوئی اور آج سندھ ہاوس میں ممبروں کی خریدو فروخت سے بننے والی سازشی اسمبلی تحلیل ہوگئی جنہوں نےصرف اپنے کیسز ختم کرائےجس دن فرد جرم لگنی تھی اُسی دن وزیراعظم بن گئے تقریروں تصویروں اور تعریفوں کےعلاوہ…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) August 10, 2023
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جاتے جاتے ایک دن میں 121 بل بھی پاس کروائے اسمبلی کو بلوں کی فیکٹری بنا دیا اور جیلوں کو بےگناہ کارکنوں سے بھر دیا، عوام پر بجلی اور آٹے کی مہنگائی کے بم گرائے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ یہ اپنے کپڑے بیچ کر غربت اور مہنگائی ختم کرنے آئے تھے، انہوں نے غریب کے بھی کپڑے اتار دیئے، آخری ہفتے میں صرف قانون کی لوٹ سیل ہی نہیں لگائی اپنے سیاسی مخالف کو بھی جیل میں ڈال دیا۔