راولپنڈی: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول کو آخری دن سمجھ آئی ہے کہ حکومت اداروں کو اپنی حدود میں کام کروانے میں ناکام رہی ہے، رخصتی میں 48 گھنٹے رہ گئے ہیں تو انہیں میثاق جمہوریت کی قبر یاد آ گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو کہتے تھے ڈالر اور سرمایہ کاری لائیں گے اُنہوں نے آسمان سے مہنگائی کی بارش کی ہے، ابھی تک فیصلہ نہیں ہو سکا کہ 24 کروڑ عوام والے ایٹمی ملک کی نگران حکومت کی گھنٹی کس کے گلے میں ڈالنی ہے اور کتنے عرصے کیلئے ڈالنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ مزید خاموش رہی تو سب کچھ بہہ جائے گا، چلمن کے پیچھے والے چہرے سامنے آجائیں گے، آئین اور قانون ہاتھ جوڑ کر باادب کھڑا ہو جائےگا، اتحادی پارٹیوں میں اتحاد کےعلاوہ ہر چیز موجود ہے، نگران وزیراعظم کا فیصلہ بھی پارلیمانی کمیٹی یا الیکشن کمیشن کے پاس جا سکتا ہے۔
بلاول کو آخری دن سمجھ آئی ہے کہ حکومت اداروں کو اپنی حدود میں کام کروانے میں ناکام رہی ہےرخصتی میں 48 گھنٹے رہ گئے ہیں تو انہیں میثاق جمہوریت کی قبر یاد آ گئی ہے جو کہتے تھے ڈالر اور سرمایہ کاری لائیں گے اُنہوں نے آسمان سے مہنگائی کی بارش کی ہے ابھی تک فیصلہ نہیں ہوسکا کہ 24…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) August 8, 2023
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ لوگوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح چلایا جا رہا ہے، الیکشن میں جا رہے ہیں مگر الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیوں پر اور نئی مردم شماری پر ابھی تک واضح اعلان سامنے نہیں آیا، حکومت بجلی صارفین پر مزید 144 ارب روپے کا بوجھ ڈال سکتی ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈالر عنقریب 300 کراس کر جائے گا، غریب چیختا چلاتا رہ جائے گا، جب تک عوام کو قومی معاملات میں شامل نہیں کیا جائے گا اُس وقت تک ملک کے سیاسی، اقتصادی، معاشی اور مالیاتی حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔