اسلام آباد: (دنیا نیوز) مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی پارلیمانی کمیٹی طلبی روکنے کے حکم میں 18 ستمبر تک توسیع کر دی۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک کے معاملے پر طلبی کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس بابر ستار نے کی۔
قومی اسمبلی کی خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے نجم الثاقب کو طلب کیا تھا، عدالت نے آج فریقین سے جواب طلب کر رکھا تھا۔
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اٹارنی جنرل اسلام آباد میں موجود نہیں اس لیے کچھ وقت دیا جائے، اس پر جسٹس بابر ستار نے کہا کہ اس معاملے کو سیریس لیں اور جواب جمع کروائیں، اگر آپ جواب نہیں دیتے تو میں متعلقہ سیکریٹریز کو طلب کر لوں گا۔
جسٹس بابر ستار نے کہا کہ سرولنس کرنی ہے یا نہیں؟، جو ڈیٹا آئے گا اس کا سٹیٹس کیا ہو گا؟، یہ آپ نے بتانا ہے، آپ کے تو وزیراعظم ہاؤس سے ڈیٹا ریلیز ہو گیا۔
عدالت نے سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع اور وزیر اعظم آفس کو دو ہفتے تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کر دی اور سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔