راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا جڑانوالہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آئی ایس پی آر کے سالانہ انٹرن شپ پروگرام سے خطاب کیا، تقریب میں پاکستان بھر کی مختلف یونیورسٹی کے 370 سے زائد طلباء نے شرکی کی۔
آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے قومی ترقی میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیا، انہوں نے کہا نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جو ملک کے امن، ترقی اور خوشحالی میں زیادہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا نوجوانوں کے لئے ضروری ہے وہ سچ، آدھا سچ، جھوٹ اور غلط معلومات کے درمیان فرق کو سمجھیں، آرمی چیف نے انارکی پھیلانے اورعوام میں عدم برداشت پیدا کرنے کے لیے کی جانے والی دشمن قوتوں کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
آرمی چیف نے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر نوجوان انٹرنیز کو سراہا، شرکاء کے سوال کے جواب میں آرمی چیف نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہائی رویے کے ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں۔
آرمی چیف نے کہا پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، جنس اور ذات ایک دوسرے کے لیے برابر ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آرمی چیف نے کہا جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔