اسلام آباد: (دنیا نیوز) بٹگرام میں کامیاب چیئرلفٹ آپریشن میں حصہ لینے والوں کےاعزازمیں تقریب کا انعقاد کیا گیا، نگران وزیراعظم نے تعریفی اسناد تقسیم کیں، انوارالحق کاکڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بٹگرام چیئر لفٹ آپریشن کی کامیابی ہم سب کا اجتماعی کریڈٹ ہے۔
نگران وزیراعظم نے تقریب کے دوران چیئرلفٹ میں پھنسے لوگوں کو بچانے والے ایس ایس جی کمانڈوز کو تعریفی اسناد دیں، نگران وزیراعظم نے چیئرلفٹ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے مقامی افراد کو بھی تعریفی اسناد دیں۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ لمحہ خوشی منانے کا ہے، انہوں نے کہا تلخ واقعات ہماری زندگیوں کا حصہ ہیں، ریسکیو آپریشن کی کامیابی کے لیے بہترین حکمت عملی تیار کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آپریشن کی کامیابی پر سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔
نگران وزیراعظم نے کہا بچوں نے دور سے فوجیوں کو دیکھ کر کہا اب ہم بچ جائیں گے، یہ ہم سب کا اجتماعی کریڈٹ ہے، بٹگرام چیئرلفٹ واقعہ پرپوری دنیا کی نظریں بھی تھیں، دنیا دیکھ رہی تھی کہ پاکستان اس مشکل سے کیسے نمٹے گا، چیئرلفٹ واقعہ پر کروڑوں لوگ پریشان تھے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں، ہرشعبہ زندگی میں ملک کے لئے خدمات انجام دینے والوں پر فخر ہے، پاکستان ہمارا گھرہے، اس کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
نگران وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا یہ ہمارا گھرہے، ہم کہیں نہیں جارہے، گھر کا نظام با اختیاراور باصلاحیت لوگوں کے پاس ہے، جو عناصر سمجھتے ہیں ہمارے طرز زندگی کو بدل دیں گے تو ان کو اپنی غلط فہمی دور کر لینی چاہیے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدرملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تمام اداروں نے ریسکیوآپریشن کے لیے بروقت اقدامات کیے، ایک مربوط حکمت عملی کے تحت تمام ریسکیوآپریشن مکمل کیاگیا۔ نگران وزیراعظم کی ہدایت پر ریسکیوآپریشن کے لیے فوری اقدامات کیے گئے تھے۔