سمگلنگ سے ملکی معیشت کے مجموعی حجم کو اربوں کا نقصان ہوتا ہے، نگران وزیراعظم

Published On 01 September,2023 07:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ سمگلنگ کے ناسور کو ملک سے ختم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے، ملکی معیشت کے مجموعی حجم کو سمگلنگ کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں مختلف اشیاء کی سمگلنگ کی صورتحال اور روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر نگران وزیراعظم نے کہا کہ کسٹمز حکام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے چینی اور پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ روکیں، متعلقہ ادارے یوریا، زرعی اجناس اور دیگر اشیاء کی سمگلنگ کے سد باب کیلئے اقدامات کریں۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں سمگلنگ میں ملوث سرکاری افسران کی انٹر ایجنسی رپورٹ مرتب کرکے جلد پیش کی جائے، بلوچستان میں سمگلنگ میں ملوث افسران کے خلاف مؤثر محکمانہ کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ سے محصولات میں کمی اور ملکی زرمبادلہ پر شدید دباؤ پڑتا ہے، ملک سے سمگلنگ کے ناسور کے خاتمے اور اداروں کی کارکردگی کا خود جائزہ لوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ بارڈر مارکیٹس کو مزید فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے تجارت باقاعدہ دستاویزی عمل سے ممکن ہو سکے گی۔