تبدیلی لانے والوں نے ابھرتی ہوئی معیشت کو لڑھکتی ہوئی معیشت بنا دیا، احسن اقبال

Published On 04 September,2023 05:25 pm

نارووال: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا تبدیلی لانے والوں نے ابھرتی ہوئی معیشت کو لڑھکتی ہوئی معیشت بنا دیا۔

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا بجلی اور معاشی مسائل کو سمجھنا چاہئے کہ ہمیں 2018ء کے جس تبدیلی کے عمل سے گزارا گیا وہ سب جانتے ہیں، اپریل 2022ء میں پاکستان کی معیشت تیزی کے ساتھ لڑکھ رہی تھی، ہم نے 16 ماہ میں پاکستان کا بیرونی سیکٹر میں جو ڈیفالٹ تھا بچا لیا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا یکم اپریل 2022ء میں پی ٹی آئی حکومت پاکستان کو ڈیفالٹ کر گئی تھی، ملکی مفاد میں ہم نے چیئرمین پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کو قبول کیا، ہماری حکومت کے بعد ملک میں بے یقینی پیدا کر دی گئی، ایک سیاسی جماعت ملک میں بے یقینی پھیلانے کیلئے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا چیئرمین پی ٹی آئی ملک کو 10 سال پیچھے پھینک کر گیا ہے، مسلم لیگ ن نے 2013ء میں ملک کو اس کے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی تھی، پی ٹی آئی کے چار سالوں میں ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ پی ٹی آئی کے لوگ آج عوام کو ورغلا رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا ملک کو 50 ارب ڈالر کا خسارہ ہوا جس سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا، ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان بنانے کی ضرورت ہے۔