لاہور : (دنیانیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 1965 کی جنگ میں فضاؤں میں مکمل حکمرانی قائم کی اور ایم ایم عالم نے ایک منٹ کے اندر بھارت کے 5 طیارے تباہ کرکے تاریخ رقم کی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 7ستمبر کو پا ک فضائیہ کے شاہینوں نے مکار دشمن کی فضائی طاقت کو خاک میں ملا دیا، جنگ ستمبر میں پاک فضائیہ نے قوم کا سرفخرسے بلند کیا، پاکستان کے شاہینوں نے جرأت، شجاعت اور بہادری کی عظیم داستانیں رقم کیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 7ستمبر 1965ء کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ کا سنہری باب ہے، ارض پاک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاکستان ایئر فورس کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پاک فضائیہ کے ناقابل فراموش کارناموں کو دنیا کی دفاعی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزید کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ نے جس دلیری اور جواں مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا، آج اسی عزم کی تجدید کا دن ہے۔