اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران نئے ابھرتے ہوئے علاقائی سلامتی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ اور برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عصر حاضر کی جغرافیائی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ایئر چیف نے دونوں ممالک کے مابین موجودہ خوشگوار تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ہم آہنگی اور باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں ایئر چیف نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق کی گئی کاوشوں کا ذکرکیا، ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی آپریشنل ضروریات کے پیش نظر خود انحصاری کے تحت تکنیکی آلات کی تیاری کے عزم کا اعادہ کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے کہا موجودہ عالمی سلامتی کا ماحول اور نئے ابھرتے ہوئے عوامل، پاک برطانیہ بہترین شراکت داری کے متقاضی ہیں، پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات علاقائی امن اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں باہمی اتفاق رائے پر مبنی ہیں۔
ترجمان فضائیہ کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے پاک فضائیہ کو جدت سے ہمکنار کرنے پر موجودہ عسکری قیادت کی تعریف کی، برطانوی ہائی کمشنر نے پاک فضائیہ کی جانب سے تربیتی شعبہ کے لئے کی گئی حالیہ پیشرفت کی بھی تعریف کی، جین میریٹ نے تربیتی شعبہ میں موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ترجمان فضائیہ نے مزید بتایا تربیتی شعبہ میں باہمی تعاون سے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کے لئے اعلیٰ ترین تربیت کو یقینی بنایا جا سکے گا، ملاقات میں مشترکہ تربیتی مشقوں اور صلاحیتوں کے تبادلے کے لئے نئی راہیں استوار کرنے سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ترجمان فضائیہ کے مطابق تکنیکی مہارت کے اشتراک اور باہمی تعاون کو فروغ دے کر پاک فضائیہ اور رائل ایئر فورس کے مابین قریبی تعلقات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا، ملاقات کا اختتام عسکری ہوا بازی کے شعبہ میں ایک پائیدار تعاون کے لئے نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم پر ہوا، ملاقات دونوں ممالک کی جانب سے خطے کو محفوظ اور مستحکم بنانے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔