لاہور : (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں جناح ہاؤس سمیت دیگر مقدمات میں جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں عدالت نے ملزمہ خدیجہ شاہ سمیت دیگر کی ضمانتوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے میں لاہور ہائیکورٹ نے خدیجہ شاہ سمیت دیگر ملزمان کو ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے کہاکہ ملزمان نئی دفعات کی روشنی میں دوبارہ ضمانتیں دائر کرے، عدالت درخواست ضمانتوں کو نمٹانے کا حکم دیتی ہے ۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ پراسکیوٹر نے بتایا کہ درخواستوں کے زیر سماعت ہونے کے دوران مقدمے میں نئی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔
تحریری فیصلہ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے جاری کیا ہے، ملزمان جناح ہاؤس سمیت دیگر مقدمات میں جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہیں۔