نگران وزیر اعلیٰ کا خالد بٹ چوک انڈرپاس منصوبے کا دورہ، تعمیراتی کام کا معائنہ کیا

Published On 11 September,2023 02:31 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے خالد بٹ چوک انڈرپاس پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کے آغاز کے پہلے ہی روز منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹ پر تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔

کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی کو بتایا کہ خالد بٹ چوک پر دو رویہ، دولین پر مشتمل انڈرپاس تعمیر کیا جا رہا ہے، انڈر پاس کی لمبائی 540 میٹر اور چوڑائی 15.8میٹر ہوگی، صوبائی وزراء اظفر علی ناصر، عامر میر، کنٹریکٹر، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے، شہریوں کو متبادل ٹریفک پلان اور روٹ سے آگاہ رکھا جائے۔