لاہور: (ویب ڈیسک) تعریف وہ جو دشمن کرے، ملکی معیشت کی بہتری کے لیے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کاوشوں کے بھارت میں بھی چرچے ہونے لگے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک صارف عدیل آصف نے بھارتی نیوز چینل کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں نیوز کاسٹر مہنگائی سے نمٹنے اور معاشی استحکام کے لیے پاکستانی آرمی چیف کی کوششوں کی تعریف کر رہا ہے۔
نیوز کاسٹر نے کہا کہ جو مرضی کر لو، پاکستان کو آگے بڑھنے سے اب کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ پاکستانی فوج کے سپہ سالار نے ملکی معاشی بحران سے نجات کے لیے مورچہ سنبھال لیا ہے، پاکستانی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اس سلسلہ میں کئی دوست ممالک سے بھی بات چیت کر رہے ہیں۔
— Adeel Asif (@AdeelAsifPk) September 12, 2023
بھارتی صحافی نے کہا کہ حالانکہ یہ کام کافی مشکل ہے کیونکہ پچھلے ایک سال میں حکومت پاکستان لاکھ کوششوں کے باوجود ملک کی حالت نہیں سدھار سکی، ایسی صورتحال میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملکی معیشت کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں لے لی۔
نیوز کاسٹر کے مطابق پاک فوج کی کوشش ہے کہ پچھلے ایک سال میں ملک چھوڑ کر جانے والے بڑے کاروباری حضرات کو واپس لایا جائے۔
نیوز کاسٹر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کوششوں سے یہ کاروباری حضرات زراعت، کان کنی اور آئی ٹی سیکٹر میں بڑا انقلاب لائیں گے۔