لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ میں صدرمملکت کا کوئی کردار نہیں۔
جہانگیرترین اور علیم خان کی زیرصدارت استحکام پاکستان پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، عامر کیانی، عون چودھری، نعمان لنگڑیال، عمران اسماعیل اور دیگر ارکان نے شرکت کی، عام انتخابات کی تیاریوں، پارٹی کی تنظیم سازی اور نگران حکومت کے کردار پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عام انتخابات کی تاریخ دینے کے حوالے سے صدر مملکت کا کوئی کردار نہیں، الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں یکساں مواقع دے۔
پارٹی کے سینئر رہنما اسحاق خاکوانی نے کہا کہ عام انتخابات نئی مردم شماری کے تحت ہونے والی حلقہ بندیوں کے بعد ہونے چاہئیں، پارٹی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کا عمل ایک ہفتے میں مکمل ہو جائے گا۔
کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آئی پی پی کا مقابلہ نون لیگ کے ساتھ ہو گا، استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں نے صوبے میں پارٹی کی تنظیم سازی جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔