لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پارٹی قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے امور اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز شریک ہوئے، اجلاس میں وطن واپسی پر قائد محمد نوازشریف کا تاریخی استقبال کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے 21 اکتوبر کو پارٹی قائد اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ کے اعلان کا خیرمقدم کیا، لیگی رہنماﺅں، سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے نواز شریف کے حق میں دھواں دھار تقریریں کیں اور قائد نواز شریف کی آمد پر بھرپور جوش وجذبے کا اظہار کیا۔
اجلاس میں شریک رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وطن واپسی پر قائد محمد نوازشریف کا تاریخی استقبال کیا جائے گا، نوازشریف ایک بار پھر قوم اور ملک کو اِن بحرانوں سے نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی ذمہ داری ہے کہ چالبازوں، فراڈیوں، جھوٹوں اور توشہ چوروں کے پراپیگنڈے سے ہوشیار رہیں، نوازشریف ہی پاکستان سے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ختم کر سکتے ہیں۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ قوم کو معاشی دکھوں سے نجات صرف نوازشریف ہی دلا سکتے ہیں، صرف نواز شریف وعدے پورے کرتے ہیں، اپنے قائد کا تاریخی استقبال کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور لاہور کے عوام اپنے محسن کا فقید المثال استقبال کرنے کے منتظر ہیں، مسلم لیگ (ن)،اس کے رہنماؤں اور کارکنوں کو ملک اور عوام کی خدمت کرنے کی سزا دی گئی۔
لیگی رہنماؤں نے کہا کہ نواز شریف کو سزا کا خمیازہ پاکستان، عوام بالخصوص، پنجاب اور لاہور کے عوام بھگت رہے ہیں، قائد نوازشریف اور ان کے ساتھیوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، اسی جذبے سے قوم کی ترقی کے ہدف کے حصول کے لئے آگے بڑھتے رہیں گے۔
اجلاس کے شرکاء نے اس موقع کو تاریخی بنانے اور تیاریوں کے حوالے سے اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں۔