برساتی مینڈکوں کے اتحاد سے سندھ کے عوام لاتعلق ہیں: وقار مہدی

Published On 14 September,2023 06:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی سندھ سینیٹروقارمہدی نے کہا برساتی مینڈکوں کے اتحاد سے سندھ کے عوام لا تعلق ہیں۔

وقار مہدی نے متحدہ اور جے یو آئی (ف) کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا متحدہ، جی ڈی اے، جے یو آئی ف اور پی ٹی آئی پہلے ہی اتحادی ہیں۔ برساتی مینڈکوں کے اتحاد سے سندھ کےعوام لا تعلق ہیں، کراچی نے متحدہ کو سیاسی طور پر عاق کر دیا ہے۔

وقار مہدی نے مزید کہا جے یوآئی ف وفاق میں مخالف، سندھ میں پی ٹی آئی کی اتحادی تھی، سندھ میں صحت کے مراکز، سڑکوں کے جال، یونیورسٹیاں، میڈیکل کالجز، ٹرانسپورٹ کی سہولیات پیپلزپارٹی کے کارنامے ہیں، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے سندھ بالخصوص کراچی شہر سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا۔

پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری نے کہا پیپلزپارٹی نے گریڈ 1 سے 15 اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 16 اور 17 گریڈ کی میرٹ پر ہزاروں ملازمتیں فراہم کی ہیں، ایم کیوایم کو کراچی سے دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ ختم ہونے کاغم ہے، ایم کیوایم ہر حکومت کا حصہ رہی لیکن کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی ذاتی جیبیں بھرلیں۔

وقارمہدی نے کہا عام انتخابات میں جی ڈی اے، ایم کیو ایم اور جے یو آئی پرمشتمل بھان متی کے کنبے کو سندھ کے عوام عبرت ناک شکست دیں گے، ایم کیو ایم کسی کے بھی پیر پکٹر لے شکست اس کا مقدر ہے، مخالفین عام انتخابات میں اپنی ضمانت بچانےکی فکرکریں۔