لاہور (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر میں انسداد سموگ رولز 2023 پر مکمل عملدرآمد کروانے کا حکم دے دیا۔
چین روانگی سے قبل نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سموگ کے تدارک کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، دوران اجلاس بریفنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ صوبائی دارالحکومت میں موٹر سائیکل اور چنگ چی رکشے 63 فیصد سموگ کی وجہ ہیں، موٹر کار اور جیپ وغیرہ کی وجہ سے 11 فیصد سموگ پیدا ہوتی ہے۔
بریفنگ میں اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ شیخو پورہ اور اوکاڑہ میں فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سموگ سے بچاؤ کے لیے صوبے کی تمام اہم شاہراہوں کو واش کرکے ڈسٹ فری بنایا جائے گا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو شہر کی سڑکیں ڈسٹ فری کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز کو غیر معیاری فیول بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت دی گئی ہے، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے سے روکنے کے لیے کاشت کاروں سے بیانِ حلفی لیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیکٹریوں کو ماحول دوست بنانے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی اور احکامات کی خلاف ورزی کرنے والی فیکٹریوں کو 2 ماہ کے لیے سیل کیا جائے گا۔