نگران وزیراعظم سے ایرانی صدر کی ملاقات، دو طرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر زور دیا

Published On 19 September,2023 10:46 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوالحق کاکڑ سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور معاشی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور ایرانی صدر ابراہیم ریئسی کی ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پرہوئی، ملاقات میں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم اور اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے پُرجوش ہوں: نگران وزیراعظم

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کا بھی فروغ چاہتے ہیں۔
 نگران وزیراعظم کی جانب سے معاشی میدان میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر خصوصی زور دیا، انوارالحق کاکڑ نے کہا مند بارڈر مارکیٹ جیسے اقدامات سرحدی علاقوں کی ترقی میں اہم ثابت ہوں گے، ایسے اقدامات دونوں ممالک کے عوام کی بہتری کے لئے مشترکہ عزم کو تقویت دیں گے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا ایرانی صدر کی  سب سے پہلے پڑوس  کی پالیسی پاکستان کی علاقائی ترقی اور اشتراک کی حکمت عملی سے مطابقت رکھتی ہے، نگران وزیراعظم نے علاقائی تجارت بڑھانے پر زور دیا۔