اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر ایف آئی اے تحقیقات کے خلاف متفرق درخواست دائر کر دی۔
بشریٰ بی بی نے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہےکہ اس عدالت میں مرکزی کیس پہلے سے زیر سماعت ہے اور عدالت نے 18 ستمبر کو ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مرکزی کیس اب 30 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے، کیس زیر التوا ہونے کے باوجود ایف آئی اے نے 19 ستمبر کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
بشریٰ بی بی نے اپنی درخواست میں استدعا کی کہ ایف آئی اے اگر کارروائی جاری رکھتی ہے تو اس سے پٹیشنر کے حقوق متاثر ہوں گے لہٰذا جب تک کیس زیر التوا ہے عدالت ایف آئی اے کا نوٹس معطل کرے۔