شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا کام، بھرپور تعاون کریں گے: وزیراعلیٰ سندھ

Published On 21 September,2023 11:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا کام ہے جس کے لئے ہم بھرپور تعاون کریں گے۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا لیاری کے کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، ککڑی گراؤنڈ کو یورپین معیار کا سٹیڈیم بنایا گیا ہے، امید کرتا ہوں اس طرح کی سہولیات شہر بھر میں ہونگی، مرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا اس طرح کے 20 مقامات پر کام چل رہا جلد مکمل ہو جائے گا، انشاء اللہ ایک دن ہمارے نوجوان انٹرنیشنل سطح پر بھی کھیلیں گے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا عام انتخابات صاف و شفاف ہوں گے، انتخابات کا انعقاد کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے ہمارا بھرپور تعاون ہوگا، تمام سیاسی جماعتوں کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ کو یقینی بنایا جائے گا، تمام جماعتوں کو انتخابی مہم اور اپنے ووٹرز کو ووٹ کاسٹ کرانے کا موقع ملے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پیپلزپارٹی کی جانب سے ترقیاتی کاموں پر پابندی کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کہا قانون کے تقاضوں کے مطابق سندھ کے ترقیاتی کام جاری وساری ہیں، کچھ وقت کیلئے خلل آیا جس کا ہم نے تدارک کردیا ہے۔