سربراہ پاک فضائیہ سے سعودی چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

Published On 22 September,2023 02:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ پاک فضائیہ ظہیراحمد بابرسدھو سے سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو نے تربیتی شعبے میں تعلقات کو فروغ دینے کے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے ہوا بازی کی صنعت میں باہمی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، انہوں نے پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں غیر معمولی پیش رفت کی تعریف کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ مسلم دنیا کا مرکز اور ایک بہترین تزویراتی شراکت دار ہونے کی حیثیت سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین بے مثال دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہیں۔

علاوہ ازیں سعودی وفد نے پاک فضائیہ کے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشن سینٹر، سائبر کمانڈ اور نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک سمیت دیگر تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا دورہ بھی کیا۔