لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
عدالتِ عالیہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دے۔
لاہور ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل جوڈیشل ایکٹوزیم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں نگران وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کرتے ہوئے پٹرول فی لیٹر 26 روپے 2 پیسے اور ڈیزل 17 روپے 34 پیسے مزید مہنگا کیا ہے۔