بلوچستان کابینہ: ماحولیاتی تحفظ کیلئے محکمے کو مجسٹریٹ کے اختیارات دینے کی منظوری

Published On 25 September,2023 05:16 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کی کابینہ نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے محکمے کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دے دی۔

صوبائی کابینہ کا اجلاس نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی کے زیر صدارت ہوا، اجلاس میں شیخ زید ہسپتال میں انڈس ہسپتال کے تعاون سے قائم پیڈز آنکالوجی کے لئے فنڈز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا عوامی نوعیت کے منصوبوں کو سرکاری سطح پر معاونت فراہم کی جائے گی۔

کابینہ نے سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پہلی کلاؤڈ پالیسی 2023ء کی کمیٹی کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا، کمیٹی پہلی کلاؤڈ پالیسی پر غور کے بعد آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرے گی، اجلاس میں پسنی فش ہاربر کی بحالی کے لئے ہاربرز کو بی او ٹی طرز پر فعال کرنے کا جائزہ لیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے کہا اجلاس میں زیر التواء مفاد عامہ اور انتظامی معاملات کے فیصلے کئے گئے، بلوچستان کے عوام کے لئے جس قدر ممکن ہو بہتری کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔