اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ترکیہ کی پارلیمنٹ سے متصل پولیس ہیڈ کوارٹر پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی ہمدردیاں برادر ملک ترکیہ کے ساتھ ہیں۔
— Anwaar ul Haq Kakar (@anwaar_kakar) October 1, 2023
انہوں نے کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں، مجھے پوری امید ہے کہ ترکیہ، میرے بھائی رجب طیب ایردوان کی قیادت میں دہشتگردی کے اس چیلنج پر جلد قابو پا لے گا۔
خیال رہے کہ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں وزارت داخلہ اور پارلیمنٹ کے باہر دہشت گردانہ حملہ ہوا جس میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ترک پارلیمنٹ کے قریب خودکش دھماکہ ، 2پولیس اہلکار زخمی
ترکیہ کی وزارت داخلہ نے اس متعلق بتایا کہ دھماکا خودکش تھا، 2 دہشت گرد صبح ساڑھے 9 بجے گاڑی میں سوار ہو کر آئے جن میں سے ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ دوسرا دہشتگرد سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔