اسلام آباد : (دنیانیوز) اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی سہولت کاری کے کیس میں معیز احمد اور مہران یوسف کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی سہولت کاری کے کیس کی سماعت کی ، ملزمان معیز احمد، مہران یوسف کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر کی جانب سے دونوں ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ دونوں ملزمان ’را‘ کو معلومات فراہم کرنے میں ملوث تھے ، فراہم کی گئی معلومات پر مزید تفتیش درکار ہے۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے دونوں ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔
واضح رہے کہ ملزمان معیز احمد اور مہران یوسف کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔