لاہور: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم دہشت گردوں اور ان کے ایک ایک سہولت کاروں تک پہنچیں گے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا کامران خان کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو پالیسی بنائی گئی ہے وہ صرف افغانیوں کیلئے نہیں تمام غیرملکیوں کے لئے ہے، دنیا میں کہیں بھی بغیر ویزے کے سفر نہیں کیا جاسکتا ۔
سرفرازبگٹی نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کے سسٹم کو بہتر کرنا ہے، یکم نومبر سے پہلے غیر ملکیوں کو جانے کا موقع دینا چاہتے ہیں، افغان حکومت کی طرف سے بیان کا دفتر خارجہ جواب دے گا، ہم نے اپنے گھر کو ٹھیک کرنا ہے، سمگلنگ کا مکمل سدباب کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں افغانی دہشت گرد ملوث
نگران وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ جنوری سے لیکراب تک 14 حملے افغان شہریوں نے کئے، ہمارے پاس تمام شواہد موجود ہیں وہ کہاں پر پلان ہوتے ہیں، دہشت گردوں اور ان کے ایک ایک سہولت کاروں تک پہنچیں گے، اگر کوئی ناراض ہوتا ہے تو ہمیں اس کی کوئی پرواہ نہیں۔
سرفرازبگٹی نے مزید کہا غیرقانونی مقیم افراد کے خلاف یکم نومبرکے بعد مکمل آپریشن کرنا ہے، ڈالر نیچے اور روپے کی قدرمیں بہتری آئی ہے، افغان ٹریڈ میں بہت ساری غیر قانونی چیزیں ہورہی تھیں، سسٹم بہتر ہونے سے بہت ساری چیزیں ٹھیک ہورہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تارکین وطن کا معاملہ ، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کوٹاسک سونپ دیا
نگران وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا ماضی میں جانا نہیں چاہتا، تمام حکومتی اداروں کو بتا دیا گیا ہے جو بھی سمگلنگ میں ملوث ہوگا کارروائی ہوگی، ہر ادارے کے اندر احتساب ہو رہا ہے، سمگلنگ ملک کی اکانومی کو تباہ کرتی ہے، کوئی بھی ریاست سمگلنگ کو پروموٹ نہیں کرسکتی۔
نادرا ایک سکیورٹی چیلنج ہے، ملک کا ڈیٹا بہت اہم ہے، جنرل صاحب کو اسی لئے چیئرمین نادرا لگایا گیا ہے، کوئی شک نہیں الیکشن کے وقت سکیورٹی چیلنج ہوگا، چیلنج کے باوجود الیکشن ہوگا، الیکشن کمیشن ہم سے معلومات لے گا تو انہیں سکیورٹی سے متعلق آگاہ کریں گے، الیکشن کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا ہم ان کوسپورٹ کریں گے۔