سکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاع پر کیچ میں آپریشن، 2 دہشتگرد جہنم واصل

Published On 07 October,2023 09:37 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کیچ میں آپریشن کے دوران دو دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع کیچ کے علاقے زربر میں آپریشن کیا جہاں فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضہ سے بھاری مقدار میں آلات اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک میں امن کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔