وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے روسی سفیر دانیلا گینیچ کی ملاقات

Published On 09 October,2023 05:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے پاکستان میں تعینات روس کے سفیر دانیلا گینیچ نے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، روسی وزیر اطلاعات کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ روسی وزیر اطلاعات کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دی جائے گی، روسی وزیر اطلاعات کے دورہ کے موقع پر اے پی پی اور طاس نیوز ایجنسی، پی ٹی وی اور روسی ٹیلی ویژن اور روسی ریڈیو ریڈیو پاکستان کے درمیان ممکنہ معاہدوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے روابط، سلامتی، معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، فلمز، مشترکہ پروڈکشنز اور تربیتی پروگرامز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان روس کے ساتھ میڈیا، ڈرامہ، فلمز کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط کا سلسلہ طویل عرصے پر محیط ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانا اور مشترکہ اہداف کی راہیں تلاش کرنا پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام کے دل کی آواز ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہمارے باہمی تعلقات بدلتے تقاضوں کے مطابق تابناک مستقبل کی جانب بڑھتے رہیں گے۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور روس کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں تقریب کے انعقاد پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر روسی سفیر دانیلا گینیچ نے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین ذرائع ابلاغ سمیت زندگی کے ہر شعبے میں تعاون موجود ہے، روس پاکستان کے ساتھ میڈیا سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کا خواہاں ہے، روس میں پاکستانی ڈراموں کو خاصی مقبولیت حاصل ہے۔