لندن: (حسیب ارسلان) پاکستان ہاؤس لندن میں ماہ ربیع الاول کے حوالے سے محفل میلادالنبیﷺ کا انعقاد کیا گیا اور حضورﷺ پر درود و سلام پیش کیا گیا۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی شریک حیات ڈاکٹر سارہ نعیم نے پاکستان ہاؤس لندن میں ماہ ربیع الاول اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایک روح پرور محفل میلاد النبیﷺ کا انعقاد کیا۔
محفل میلاد النبیﷺ کے اس اجتماع میں برٹش پاکستانی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس تقریب میں حضور نبی اکرمﷺ پر درود و سلام پیش کیا گیا اور روح پرور نعتوں کے ذریعے آپﷺ کی رحمت، شفقت اور انسانیت سے محبت کے فضائل کو اجاگر کیا گیا۔
ڈاکٹر سارہ نعیم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عید میلاد النبیﷺ کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے باہمی احترام، افہام و تفہیم ، مہربانی اور ہمدردی کی عالمگیر اقدار کو فروغ دینے کی پیغمبر اسلامﷺ کی تعلیمات کو اجاگر کیا۔
ہائی کمشنر کی بیگم نے پاکستان جیسے متنوع معاشروں میں حضورﷺ کی تعلیمات کے مطابق اقلیتوں کے ساتھ رواداری، احترام اور منصفانہ سلوک پر زور دیا۔