اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت جنگی بحری جہاز ’پی این ایس طارق‘ برطانیہ کے سپرد کر دیا۔
پاک بحریہ نے حکومتی منظوری کے بعد سابق جنگی بحری جہاز پی این ایس طارق برطانیہ کے حوالے کیا۔
اس حوالے سے پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی این ایس طارق کی حوالگی کی تقریب لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تھے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق برطانیہ نے پاکستان سے ایمیزون یا طارق کلاس ٹائپ21 جنگی جہاز کی حوالگی کی استدعا کی تھی۔
برطانیہ پاکستان سے جہاز حاصل کر کے فالک لینڈ جنگ کی یادگار کے طور پر رکھنا چاہتا ہے، جہاز گلاسگو کے کلائیڈ میری ٹائم ہیری ٹیج سینٹر میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔
یہ جہاز پاک بحریہ کی جانب سے 4 اگست 2023ء کو ڈی کمیشنڈ کر دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ سابق پی این ایس طارق تاریخی اہمیت کا حامل ہے، اس جہاز نے 1993ء میں پی این ایس طارق کے طور پر پاک بحریہ میں ضم ہونے سے پہلے دو دہائیوں تک رائل نیوی میں بطور HMS AMBUSCADE خدمات انجام دیں اور فالک لینڈز جنگ میں بھی حصہ لیا۔
تین دہائیوں سے زائد عرصے میں پاک بحریہ میں اس جہاز نے اپنی خاص صلاحیتوں کی وجہ سے اپنا سکہ منوایا۔
اس جہاز نے مالدیپ میں 2005ء میں بحر ہند کے سونامی کے دوران امدادی مہم میں اہم کردار ادا کیا جس سے مختلف ملکوں کے 377 سیاحوں کی جانیں بچائی گئیں۔