لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں آج یوم بحریہ منایا جا رہا ہے، پاکستان بحریہ نے خاص دن کی مناسبت سے بننے والی دستاویزی فلم کا پرومو بھی جاری کر دیا۔
8 ستمبر نیوی کے شہدا، غازیوں اور قومی ہیروز کی عظیم قربانیوں کے اعتراف کا دن ہے، پاک بحریہ نے ہمیشہ اپنی آبی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا، دشمن کے ناپاک عزائم سمندر بُرد کیے، پوری قوم اپنے شہیدوں، غازیوں اور محافظوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
1965ء میں بھارتی فوج نے پاکستان پر شب خون مارنے کی مذموم کوشش کی اور جنگ کا نیا محاذ کھولا تو افواج پاکستان نے بری اور فضائی محاذوں کے ساتھ ساتھ بحری محاذ پر بھی بھارت کی 4 گنا بڑی فوج کو دھول چٹا دی، 8 ستمبر پاک بحریہ کو بھی خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
بھارت نے پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو پاک فوج نے تمام محاذوں پر منہ توڑ جواب دیا، پاک بحریہ کے جنگی بیڑوں نے دوارکا میں چند منٹ کے دوران 50، 50 راؤنڈز فائر کیے اور دشمن کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا، حملوں سے ریڈار سٹیشن مکمل تباہ ہو گیا اور بھارتی فوج کو شکست ہوئی، آپریشن دوارکا میں پاک بحریہ کے 7 جنگی جہازوں نے حصہ لیا تھا۔
ریڈار سٹیشن کے تباہ ہونے سے بھارتی فضائی حملوں کا راستہ بند کر دیا گیا، یوں پاک بحریہ نے بھارتی حدود میں گھس کر دوارکا ریڈار سٹیشن کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، آپریشن دوارکا پاکستان کی قومی و عسکری تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جانے والا عظیم ترین آپریشن ہے۔
دوسری جانب یوم بحریہ کی مناسبت سے بننے والی دستاویزی فلم کا پرومو جاری کر دیا گیا، دستاویزی فلم ضرب 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران دوارکا پر کیے گئے آپریشن سومنات کی جنگی روداد ہے، بحری جنگی تاریخ میں آپریشن سومنات ایسی ضرب ہے جو دشمن کبھی نہ بھولے گا۔