کراچی (دنیا نیوز) ملک بھر میں یوم بحریہ آج ملی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے، آٹھ ستمبر 1965 کو پاک بحریہ کی لازوال قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 8 ستمبر یوم بحریہ ملکی تاریخ کا عظیم الشان اور یاد گار دن ہے، جب 1965 کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے سرفروشوں نے اپنی قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
7 اور 8 ستمبر1965 کی شب پاک بحریہ کے سات جنگی جہازوں پر مشتمل بحری بیڑے نے” آپریشن سومنات‘‘ کے دوران بھارت کی بندرگاہ دوارکا پر بمباری کی۔اس مستعد اورزیرک آپریشن نے اہم ساحلی تنصیبات بشمول بھارتی ریڈار اسٹیشن اور ریڈیو بیکن کو تباہ کیا جو کہ کراچی پر حملہ کے لئے بھارتی فضائیہ کے جہازوں کو رہنمائی فراہم کر رہا تھا۔
یوم بحریہ پاکستان نیوی کی واحد آبدوز غازی کے تاریخی کارناموں کی یاد میں بھی منایا جاتا ہے، جس نے 1965 کی جنگ کے دوران اپنی بالادستی قائم رکھی، بھارتی بندرگاہ کے قرب و جوار میں اس کی موجود گی نے نہ صرف بھارتی بحری جہازوں بشمول طیارہ برادر جہاز کو اُن ہی کی بندرگاہ میں مقید رکھا بلکہ وہ شمالی بحیرہ عرب کی جانب رُخ کرنے سے بھی خوفزدہ رہے۔
8 ستمبر کا یہ دن پاکستان کی بحری تاریخ میں سنہری باب کے طور پر رقم ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے باعث فخر و ترغیب ہے۔