کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ 8 ستمبر یوم بحریہ ہماری قومی تاریخ کا عظیم الشان اور یادگار دن ہے جو پاک بحریہ کے سرفروشوں کی لازوال قربانیوں اور جذبوں کی یاد دلاتا ہے۔
ترجمان کے مطابق یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ آپریشن سومنات کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ دوارکا پر حملہ کر کے ہندوستانی ریڈار اسٹیشن تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا تھا، پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی نے جنگ کے دوران پوری بھارتی نیوی کو بھارتی بندرگاہ میں مقید رکھا، پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہے، آج کے دن پاکستان نیوی کے آفیسرز ، سی پی اوز، سیلرز اور سویلینز ملک کے ناقابل تسخیر دفاع اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک ثابت قدم رہنے کا عہد کرتے ہیں۔