لندن : (دنیا نیوز) سکھ فار جسٹس اور سکھ فیڈریشن کے زیر اہتمام سکھوں کا لندن میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ، پولیس نے سکھ راہنما گرچرن سنگھ کو گرفتار کرلیا۔
مظاہرین کینیڈا میں ہر دیپ سنگھ نجر اور برطانیہ میں اوتار سنگھ گھنڈا کے قتل کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، مظاہرے میں لندن سمیت مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں مرد و خواتین شریک، بھارتی ہائی کمیشن کے باہر آزاد خالصتان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ کینیڈین وزیر اعظم نے بھارت کی دہشت گردی کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا، ہردیب سنگھ نجر کے قتل میں پوری دنیا کے سامنے واضح کردیا ہے کہ بھارت سکھوں اور دیگر اقلیتوں کو ختم کرنا چاہتی ہے۔
احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ بھارت زیادہ دیر سکھوں کو غلام بناکر نہیں رکھ سکتا، سکھ پوری دنیا میں شہادتیں دینے کو تیار ہیں لیکن وہ خالصتان تحریک سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عالمی ممالک بھارت کی دہشت گردی کا نوٹس لیں، بھارت نے اقلیتوں کے قتل عام کا سلسلہ بھارت سے باہر بھی شروع کردیا ہے، برطانیہ سمیت دیگر ممالک بھارت کی دہشت گردی کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
دوسری جانب انڈین ہائی کمیشن کے باہر سکھوں کامظاہرے کے دوران برطانوی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سکھ راہنما گرچرن سنگھ کو گرفتار کرلیا ہے۔