ملتان: (دنیا نیوز) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے امریکا کے خلاف چورن بیچنے کی کوشش کی جو ناکام رہی۔
سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ابہام کیوں پیدا کئے جارہے ہیں، الیکشن کل کرا دیں تو ہم کل بھی تیار ہیں، الیکشن تو ہوں گے ہی ہوں گے، الیکشن جنوری کے آخر میں ہوں گے تو آدھے ملک میں تو برفباری ہورہی ہوگی، طالبان نے نئی نئی حکومت سنبھالی ہے، ہمارے ہاں بڑا تجربہ ہے، ہمیں اپنے طریقے سے معاملات طے کرنے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی جماعتیں الیکشن کمپین کررہیں اور ریاست ڈوب رہی ہے: فضل الرحمان
مولانا فضل الرحمان نے کہا میں یہ اچھا نہیں سمجھتا کہ کسی کیلئے ماحول کچھ ہو اور کسی کیلئے کچھ اور، سب کیلئے الیکشن میں ایک جیسا ماحول ہونا چاہئے، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ایک غیر ضروری کاغذ اٹھا کر ایک مسئلہ بنایا۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اس وقت تھا جب خطرہ تھا، جب دشمن کے ہاتھ بندھے ہوئے ہوں اور میرے ہاتھ کھلے ہوئے ہوں تو لڑائی کا مزا نہیں آتا، جی ایچ کیو، کور کمانڈرہاؤس، فوج کے قلعوں پر حملہ کیا گیا، پورے ملک میں 9 مئی کو منظم حملے کئے گئے، لیڈرشپ ذمہ دار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کارکردگی تو کچھ تھی نہیں، پی ٹی آئی کو ملکی سیاست میں نہیں ہونا چاہئے: فضل الرحمان
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ترغیب دلائی، معیشت کی بہتری کا خواب اسرائیل کو تسلیم کرنے میں دیکھتے رہے، اسلامی دنیا کو ایک جسم بن کر اپنا مؤقف واضح کرنا چاہئے، دو جنگوں میں پاکستان کی فوج وہاں لڑی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کوان لوگوں سے بھر دیا جاتا ہے جن کو قرآن وسنت کے مطابق قانون سازی سے کوئی دلچسپی نہیں ہوتی، روزانہ کوئی نئی جماعت آتی ہے اور آئیڈیل نعرہ دیتی ہے، لوگ یہ نہیں سوچتے آئیڈیل نعرہ دینے والے ناتجربہ کارہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ جدوجہد آزادی کے لئے علمائے کرام نے بھی عظیم قربانیاں دیں، علمائے کرام کے بارے کہا جاتا ہے یہ کیسے ملک کو چلائیں گے، جے یو آئی (ف) کو ملین مارچ کی وجہ سے بڑی سیاسی جماعت کا ٹائٹل ملا، جمہوری نظام میں قوت عوام ہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ دھاندلی کراکر ہمیں ادھر ادھرنہیں کرسکتے، ہمارے پاس اتنی طاقت ہے آپ کو کام نہیں کرنے دیں گے، تم پارلیمانی نظام میں چوری اور ہمارا حق مارتے ہو، اگرہماراحق مارا جائے گا توسڑکوں پرنکل کر دکھائیں گے۔