خوشاب: (دنیا نیوز) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں دو کروڑ 70 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، امت مسلمہ کے سربراہان سے پوچھنا چاہتا ہوں فلسطین کے حق میں آپ کا مؤقف کہاں دفن ہوگیا، فلسطین انبیاء کی سرزمین ہے، ہمارے ملک کا مافیا ڈالر کا استعمال کر رہا ہے، ملک میں صرف سیاست دان نشانے پر ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں دھاندلی کرکے حکومت بنائی گئی، آئی ایم ایف کے حوالے ملک کر دیا گیا، یہ غلامی اب نہیں چلے گی، اسلام انسانی حقوق کے تحفظ کا باقاعدہ نظام رکھتا ہے، ہم جب تک قرآن و سنت کو اپنا رہنما نہیں سمجھیں گے تب تک خوشحالی ممکن نہیں، ہماری ریاست میں عام آدمی کی تربیت یوں کی جا رہی ہے کہ صرف نماز پڑھ لی جائے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا پارلیمنٹ کو ایسے ایسے لوگوں سے بھر دیا جاتا ہے جنہیں قرآن و سنت کا پتہ ہی نہیں ہوتا، ہماری نوجوان نسل کو اس حد تک کھائی میں پھینکا گیا ہے کہ وہ ہر طرح کی اخلاقیات سے دور چلا گیا ہے۔