پشاور: (دنیا نیوز) ترجمان جمیعت علما اسلام (جے یو آئی) اسلام غوری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے اپنے آخری فیصلے میں بھی سپریم کورٹ کے وقار کو مجروح کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان جمیعت علما اسلام اسلم غوری نے نیب ترامیم کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چیف صاحب جاتے ہوئے آج کے فیصلے سے عدلیہ میں مزید دراڑ ڈالنے کے مرتکب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر چیف جسٹس نے جمہوریت کے سب سے بڑے ادارے پارلیمنٹ کے فیصلے کو سبوتاژ کیا، چیف جسٹس کے اس فیصلے سے آمر کے بنائے نیب قوانین کو تقویت ملی، بندیالی فیصلوں نے پارلیمنٹ اور اعلیٰ عدلیہ کو ایک دوسرے کے مقابل لا کھڑا کیا ہے۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ بندیالی دور میں ججز کو تقسیم اور اعلیٰ عدلیہ کے وقار کو مجروح کیا گیا، آئینی منصب ایسے افراد کی وجہ سے اپنی وقعت کھو دیتا ہے، عدلیہ کی تاریخ کا سیاہ دور آج ختم ہونے جا رہا ہے، پارلیمنٹ کے بنائے قوانین ردی کی ٹوکری میں پھینکنے کی یہ روش خطرناک ہے۔