لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 21 اکتوبر خوشحالی، ترقی، عام آدمی کی مشکلات سے آزادی کا دن ہوگا۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر نے ن لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف کی 21 اکتوبر کی آمد کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم میٹنگ کی صدارت کی، اجلاس میں 21 اکتوبر کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور عوام کے جوش و خروش پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کی کل سعودی عرب روانگی، چین یا قطر کا دورہ نہیں کرینگے: عرفان صدیق
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لاہور کا 8 اکتوبر کو ہونے والا عظیم الشان جلسہ قائد میاں محمد نواز شریف کے 21 اکتوبر کے استقبال کا ٹریلر تھا، عوام میاں محمد نواز شریف کی واپسی کو اپنے اچھے دنوں کی واپسی سے تعبیر کرتے ہیں۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر نے کہا کہ 21 اکتوبر کے دن عوام میاں نوازشریف سے اپنی محبت اور اس اعتماد کا ایک مرتبہ پھر سے اظہار کریں گے جو پہلے بھی تین مرتبہ ووٹ کے ذریعے وزیراعظم بنا کر کر چکے ہیں، اس وقت ایک ہی ایسا لیڈر ہے جو ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت اور منشور رکھتا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پہلے بھی ہمیشہ کر کے دکھایا تھا، انشاء اللہ ایک بار پھر ملک کو مہنگائی، غربت اور مشکلات سے نجات دلوائیں گے۔