لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ دیہی خواتین کو منظم کر کے زرعی شعبہ کو مزید ترقی دی جا سکتی ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا دیہی خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں دیہی خواتین کا کردار اپنی جگہ مسلمہ ہے، دیہی خواتین نہایت محنتی و جفاکش ہیں اور ان کی خدمات پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال کپاس کی ریکارڈ پیداوار میں دیہی خواتین کی محنت بھی شامل ہے، دیہی خواتین وہ ورک فورس ہے جسے منظم کر کے زرعی شعبہ کو مزید ترقی دی جا سکتی ہے، زراعت کے فروغ میں پاکستانی دیہی خواتین کا کردار لائق تحسین ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دیہی خواتین کو تعلیم مہیا کر کے ہی ان کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے، حکومت پنجاب اس ضمن میں کوشاں ہے، دیہی خواتین کو مکمل حقوق دینا حکومت کا فرض ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ دیہی خواتین ترقی کریں گی تو پاکستان ترقی کرے گا، دیہی خواتین کا معیار زندگی بہتر کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے، پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں دیہی خواتین کا کردار نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔