گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوجرانوالہ اور گجرات کے برق رفتار دورے کئے، گندگی، بدانتظامی اور ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ شہر کا 4 گھنٹے طویل دورہ کیا، وزیراعلیٰ نے شہری سہولتوں کا جائزہ لیا، شہر میں پارکس کی خراب حالت، بیوٹیفکیشن کے فقدان اور صفائی کے ناقص انتظامات کا فوری نوٹس لے لیا، ڈی جی پی ایچ اے گوجرانوالہ کو سخت وارننگ دی، گوجرانوالہ کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو 7 روز میں صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
— Government of Punjab (@GovtofPunjabPK) October 10, 2023
محسن نقوی نے ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ میں ایک خاتون مسز طاہرہ کی جانب سے دوران زچگی بیٹی کے جاں بحق کے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو فوری طور پر واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی سے تاجروں کے وفد کی ملاقات، صنعتوں کے فروغ بارے بات چیت
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی گوجرانوالہ کے بعد گجرات پہنچے، تھانہ لاری اڈا گجرات کا اچانک دورہ کیا، شہر کی انتظامیہ بھی دورے سے لاعلم رہی، خستہ حال اور خراب حالت میں تھانہ کی عمارت، صفائی نہ ہونے کے برابر، فرنٹ ڈیسک کا آپریٹر غائب ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈی پی او اور ڈی ایس پی کو فوری طلب کر لیا، ڈی پی او کو فوری عمارت کی حالت درست کرنے کے احکامات دیئے، تھانے میں ریکارڈ کھلا جبکہ مال خانہ کی ابتر حالت پر بھی برہمی کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ نے تھانے میں سائلین سے مسائل بھی معلوم کئے، وزیراعلیٰ نے چار دن سے موٹر سائیکل چوری کے کیس پر پیشرفت نہ ہونے کا نوٹس بھی لیا۔
یہ بھی پڑھیں: خواندگی حاصل کئے بغیر ہم روشن مستقبل کا سوچ بھی نہیں سکتے: نقوی
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی اچانک گجرات کے عزیز بھٹی ہسپتال پہنچ گئے، بیڈز پر کھٹمل، ہسپتال میں گندگی، بدانتظامی اور مریضوں کی شکایات پر ایم ایس کو تبدیل کر دیا، محسن نقوی نے وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو گجرات طلب کرلیا، ڈاکٹر جاوید اکرم کو ہسپتال کا دورہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
مریضوں اورلواحقین کی طرف سے ادویات لانے اورٹیسٹ باہر سے کروانے پر وزیراعلیٰ نے شدید برہمی کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ نے باہر سے ادویات لانے اور ٹیسٹ کرانے والے مریضوں کو پیسے واپس کرنے کا حکم دیا، محسن نقوی نے کہا کہ سرکاری ہسپتال میں باہر سے ادویات منگوانا اور ٹیسٹ کرانا قطعاً ناقابل برداشت ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف وارڈ دیکھے، مریضوں کی عیادت کی، سی ٹی سکین مشین کا معائنہ کیا، رشیدہ شفیع ٹراما سینٹر بھی گئے، محسن نقوی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گجرات کے عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی اپ گریڈیشن 40 کروڑ سے جاری ہے، 10 کروڑ سے عزیز بھٹی شہید ہسپتال کا سیوریج سسٹم تبدیل کیا جائے گا۔