نوازشریف کی واپسی کی تیاریاں: چلاس میں ن لیگ کا پاور شو، ریلی، ورکرز کنونشن کا انعقاد

Published On 15 October,2023 05:27 pm

چلاس: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چلاس میں بڑی ریلی اور عوامی پاور شو، پارٹی قائد محمد نوازشریف کی پاکستان آمد اور تاریخی استقبال کیلئے ورکر کنونشن کا بھی انعقاد کیا گیا۔

ریلی اور ورکرز کنونشن کا اہتمام پاکستان مسلم لیگ ( ن) ضلع دیامر کے زیراہتمام کیا گیا، مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان اور دیگر رہنماؤں نے ریلی اور کنونشن سے خطاب کیا۔

حافظ حفیظ الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو جب نکالا گیا تھا اس سے پہلے نوازشریف عوام کو مہنگائی سے نکال چکے تھے، ایک بار پھر نوازشریف عوام کو مہنگائی سے نکالنے واپس آرہا ہے، ہر بار نوازشریف آتا ہے ملک کو بناتا ہے، 21 اکتوبر وطن سے وفا اور تجدید کا دِن ہے۔

سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا گلگت بلتستان کے عوام نے فیصلہ دے دیا ہے، 21 اکتوبر کو نوازشریف کا عظیم الشان استقبال کریں گے، پورا پاکستان قائد نوازشریف کے ساتھ کھڑا ہے، نوازشریف بابائے قوم قائد اعظم کے راستے پر چل رہا ہے، نوازشریف ہی پورے ملک کو ایک کرکے متحد کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا آج پاکستان کو نوازشریف کی ضرورت ہے، اس وقت نوازشریف کے سوا ملک میں کوئی لیڈر نہیں، نوازشریف کا وزیراعظم بننا مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ ہے، نوازشریف گیا تو مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی لوٹ آئی، پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ صرف نوازشریف ہی کرسکتا ہے۔

حافظ حفیظ الرحمان نے مزید کہا کہ نوازشریف نے گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کو ترقی دی، ریلی اور کنونشن میں ”قوم کا بیٹا، قوم کا ضمیر، نوازشریف نوازشریف“ کے زبردست نعرے لگائے گئے۔