حیدرآباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا کہ نوازشریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے آرہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی پریس کانفرنس کے دوران یوسی 17 نیرون کوٹ کے چیئرمین اور وائس چیئرمین نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا، چیئرمین محمد اسلم اور وائس چیئرمین رانا راشد نے صوبائی صدر کی موجودگی میں ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
شاہ محمد شاہ نے کہا کہ 21 اکتوبر شام چار بجے نوازشریف لاہور علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پہنچیں گے، پاکستان اس وقت سیاسی و معاشی دلدل میں پھنس گیا ہے، نوازشریف 2013ء میں اقتدار میں آئے اور ان کے خلاف 2014ء میں سازش شروع ہوگئی، نوازشریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے آرہے ہیں۔
رانا راشد نے کہا کہ ن لیگ سے پرانا تعلق تھا، نواز شریف اور پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے دوبارہ ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے، خصوصی ٹرین میں ایک بوگی صحافیوں کے لئے مختص کی گئی ہے، جام صادق علی کے چچا زاد بھائی جان کرم علی نے بھی ن لیگ میں شمولیت اختیار کی ہے، انہیں بھی خوش آمدید کہتا ہوں۔
شاہ محمد شاہ نے کہا کہ سندھ کے دیگر سیاسی لوگ شمولیت کے لئے ہمارے رابطے میں ہیں۔