قوم نے 9 مئی واقعہ کو ناکام بنا کر ایٹمی اثاثوں کو بچایا: احسن اقبال

Published On 13 October,2023 10:33 pm

نارووال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کے خلاف سازش کی، قوم نے 9 مئی کے واقعہ کو ناکام بنا کر ایٹمی اثاثوں کو بچایا۔

نارووال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جب نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تو سازشیں شروع ہو گئیں، پاکستان کے ایٹمی اثاثے پاک فوج کے ہاتھوں میں محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی چابی ایک اناڑی شخص کو دے دی گئی تھی جس نے ملکی معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش کی، سی پیک منصوبہ بند کر کے ملکی معیشت کا پہیہ روک دیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے دہشتگردی کو ختم کیا تھا، بجلی کے منصوبے لگائے، نواز شریف کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا، (ن) لیگی رہنماؤں کو جیل میں ڈال کر توڑنے کی کوشش کی گئی، گولی بھی کھائی اور جیل بھی کاٹی مگر سیاست نہیں چھوڑی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آتی ہے تو وہ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیتی ہے، پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے اور نوجوانوں کا مستقبل تعلیم سے ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے منصوبے بنانا جرم ہے تو یہ جرم کروں گا۔