فیروزوالا: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی لیڈرشپ میں ملک کو قائد کا پاکستان بنا کر دم لیں گے، مخالفین کہتے ہیں 16 ماہ میں کیا کیا؟ میری خدمات آپ کے سامنے ہیں۔
شیخوپورہ کے علاقے فیروز والا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہو جاتا تو نہ یہ جلسہ ہوتا نہ سیاست ہوتی، ہم نے 16 ماہ میں ریاست بچائی، سیاست کی کوئی فکر نہیں کی، ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو حالات بہت خراب ہوتے۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کی خدمت میں صرف نواز شریف اہل، باقی سب نااہل ہیں، مریم نواز
انہوں نے کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو اپنے بہن بھائیوں کے درمیان ہوں گے، 2018ء میں جھرلو الیکشن کے ذریعے ترقی کا سفر روکا گیا تھا، مخالفین نے نیا ماڈل لا کر بدترین سازشیں کیں، غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں تو نواز شریف کو لانا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشرف نے 12 اکتوبر کو مارشل لا لگا کر نواز شریف کی دوسری حکومت کو چلتا کیا، 2013ء میں 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی، نواز شریف نے 4 سال محنت کر کے لوڈشیڈنگ کو ختم کیا، سابق بھارتی وزیراعظم واجپائی خود چل کر لاہور آیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پورے پاکستان میں دانش سکول بنیں گے، ان شاء اللہ پاکستان عظیم ملک بنے گا، آپ نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان آ کر پاکستان بچانا ہے، اگر پاکستان کو مضبوط کرنا ہے تو نواز شریف کو لانا ہوگا، اللہ کو منظور ہوا تو نواز شریف آئے گا اور کاروبار بھی چلے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین میں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے، فلسطینی کب تک شہید ہوتے رہیں گے، امت مسلمہ کیلئے آج بہت بڑا چیلنج ہے، غزہ کے لوگ پانی، دودھ، کھانے پینے کی اشیا کو ترس رہے ہیں، فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے۔