نوازشریف ملک کو مسائل، تکالیف اور چیلنجز سے نکالنے آ رہے ہیں، عظمیٰ بخاری

Published On 13 October,2023 10:59 pm

شاہدرہ: (دنیا نیوز) ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نواز شریف ایک بار پھر اس ملک کو مسائل، تکالیف اور چیلنجز سے نکالنے آ رہے ہیں۔

شاہدرہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لیڈر نواز شریف کی طرح ہوتا ہے جس کو خدمت کرنے کے باوجود جلا وطنی ملتی ہے لیکن وہ اپنے عوام کی خاطر سب سہہ لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کیے، موٹر ویز بنائیں لیکن جلاوطنی ملی، لوڈشیڈنگ ختم کی، دہشتگردی ختم کی، صلے میں سازش اور جلاوطنی ملی۔

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم نواز شریف کا شایان شان استقبال کریں، شاہدرہ میزبان علاقہ ہے اور ہمیشہ کی طرح یہ بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرے گا، میں آپ سب کو دعوت دینے آئی ہوں۔