لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے لاہور گریٹر اقبال پارک میں 21 اکتوبر کے جلسے کے لیے پارکنگ سائٹس کا پلان مرتب کر لیا۔
50 ہزار سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے پارکنگ سائٹس دستیاب ہوں گی، لاہور کے تمام سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز سمیت ضلعی و ڈویژنل صدور اور جنرل سیکرٹریز کو گائیڈ لائنز دے دی گئی ہیں۔
جلسہ گاہ آنے والے کارکنوں کو 4 مختلف پارکنگ ایریا فراہم کیے جائیں گے، سینئر رہنماؤں اور پارٹی کی مرکزی قیادت کے لیے الگ پارکنگ ایریا مختص کیا گیا ہے۔
گریٹر اقبال پارک کے اطراف میں 4 اطراف سے آنے والے قافلوں کو پارکنگ مہیا کیے جانے کا پلان مرتب کیا گیا ہے، جلسہ گاہ آنے والے قافلوں کی رہنما ئی کے لیے خاص طور پر 30 کوآرڈینیٹرز مقرر کر دیئے گئے، جلسہ گاہ میں موجود کوآرڈینیٹرز قافلوں کے مختص انکلیو کی رہنمائی بھی کریں گے۔
ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے مختلف شہروں سے آنے والے قافلوں کو بریف کر دیا گیا، 21 اکتوبر کو پورا شہر ہی جلسہ گاہ میں تبدیل ہوجائے گا، قائد کے استقبال کے لیے 10 لاکھ سے زیادہ لوگ آئیں گے۔