لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے بچوں سمیت نہتے عام فلسطینی شہریوں پر ہزاروں ٹن بارود برسانے کی شدید مذمت کی۔
سابق وزیراعظم شہبازشریف نے نہتے فلسطینیوں پر بمباری فوری رکوانے کا مطالبہ کر دیا، شہباز شریف نے سیکڑوں بچوں سمیت 3 ہزار سے زائد شہادتوں پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: او آئی سی ممالک فلسطینیوں کو فوری خوراک اور ادویات فراہم کریں، شہباز شریف
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ صیہونی ریاست عالمی قانون اور انسانیت کی تمام حدیں پامال کر چکی ہے، عالمی برادری اور سلامتی کونسل فلسطینیوں کے زندہ اور آزاد رہنے کے مسلمہ قانونی حق کا تحفظ یقینی بنائے، ایسا نہ کیا گیا تو دنیا راکھ کا ڈھیر بن جائے گی۔
شہبازشریف نے کہا کہ سات دہائیوں سے ایک قابض فوج فلسطینیوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے، سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کراتی تو آج یہ حالات پیدا نہ ہوتے، صیہونی ریاست دہائیوں سے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ بے گناہوں کا بہتا لہو روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی برادری فلسطینیوں کا قتل عام رکوانے کیلئے کردار ادا کرے: مریم نواز
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہسپتالوں کو خالی کرانا، صحافیوں کو نشانہ بنانا قتل عام کی اجازت دینے کے مترادف ہے، دنیا ظلم پر تماشائی نہ بنے، بے گناہ انسانوں کا قتل عام رکوانے کے لئے عملی اقدام کرے، اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے فلسطینیوں کے لئے پانی، خوراک، ادویات کی فوری فراہمی شروع کی جائے۔
شہبازشریف نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک او آئی سی کے پلیٹ فارم سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں، بے گھر فلسطینیوں کے لئے پناہ گاہوں کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، خواتین، بچوں، بزرگوں کے لئے خوراک اورعلاج کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہسپتالوں، سکولوں اور عام آبادیوں کو بمباری کا نشانہ بنانا جنگ نہیں کھلا ظلم وبربریت ہے، موجودہ حالات اسلامی دنیا کا بھی امتحان ہے، امن اور القدس الشریف دارالحکومت کی حامل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینیوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔