اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 18 اکتوبر کو جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس اسلامی تعاون تنظیم نے غزہ کے بحران پر تبادلہ خیال کے لیے بلایا ہے، وزیر خارجہ غزہ کی سنگین انسانی صورت حال پر پاکستان کے تحفظات پیش کریں گے۔
وزیر خارجہ جنگ بندی اور غزہ کے عوام کو امداد کی فراہمی پر زور دیں گے، جلیل عباس جیلانی او آئی سی کے دیگر رکن ممالک کے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔