نواز شریف کو مٹانے والے کئی آئے اور چلے گئے: مریم نواز، ن لیگ کا ترانہ جاری

Published On 19 October,2023 08:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو مٹانے والے کئی آئے اور کئی چلے گئے، ماضی بھی مسلم لیگ ن کا تھا، حال اور مستقبل بھی ن لیگ کا ہے۔

صوبائی دار الحکومت میں مسلم لیگ ن کا ترانہ جاری کرنے کی تقریب ہوئی، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سکرین پر ہاتھ ٹچ کر کے ن لیگ کا ترانہ لانچ کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے نوازشریف، شہبازشریف کا سر جھکنے نہیں دیا، گزشتہ ایک ماہ سے ایک نئی مسلم لیگ کا جنم ہوا ہے، پچھلے ایک ماہ سے احساس ہوا کہ ن لیگ جتنی بڑی جماعت کوئی نہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ایک ماہ سے کارکن متحد ہو کر استقبال کی تیاریاں کر رہے ہیں، مسلم لیگ ایک نئی جماعت بن کر ابھر رہی ہے، مریم اورنگزیب کو خصوصی طور پر شاباش دیتی ہوں، آج ترانہ لانچ کر رہے ہیں، یہ ترانہ ن لیگ کے سیاسی اتار چڑھاؤ کی کہانی ہے۔

سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ آج نوازشریف کا مخالف بھی امید لگائے بیٹھا ہے، 21 اکتوبر کو ن لیگ کا ایک اورعروج دیکھنے جا رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) جیسے کارکن والی طاقت کسی اور کے پاس نہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف کو مسلم لیگ ن کی طرف سے سلام پیش کرتی ہوں، شہباز شریف نے بڑے بھائی کے ساتھ وفا نبھائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خون کو گرما دینے والا ترانہ پیش کیا گیا ہے، مریم نواز، مریم اورنگزیب اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس سے شاندار ترانہ نہیں بنایا جاسکتا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ 21 اکتوبر کو یوتھ ونگ نے فقید المثال استقبال کرنا ہے، کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر پورا یقین ہے کہ تاریخ کا بڑا استقبال ہو گا، فقید المثال استقبال کر کے نواز شریف کا مان رکھنا ہے۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ نوازشریف انشاء اللہ آئے گا اور ان کاموں کو دوبارہ شروع کرے گا، اس موقع پر شہباز شریف نے نعرے لگائے کہ "آئے گا بھی آئے گا اور سب کچھ واپس لے کر آئے گا"۔

Advertisement